لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )ن لیگ کے رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا ہے محمد زبیر آرمی چیف سے 2بار ملے ۔اس ملاقات میں مریم نواز اور نوازشریف کے حوالے سے بات ہوئی۔پروگرام نائٹ ایڈیشن میں اینکر پرسن شازیہ ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا شیخ رشید صرف دو ملاقاتوں کی بات کررہے ہیں، ایک میں کھانا تھا اوردوسری میں صرف چائے تھی۔اگر دونوں میٹنگز میں وزیر اعظم موجود ہوتے تو اس کی اہمیت اور ہوتی ۔اگر یہ سکیورٹی میٹنگ تھی تو اس کی صدارت وزیر اعظم کو کرنی چاہئے تھی۔ میٹنگ نیشنل سکیورٹی پر تھی تو وزیر اعظم موجود کیوں نہیں تھے ۔سینئر تجزیہ کار صابر شاکر نے کہا ٹرک کی بتی کے پیچھے تو یہ خود لگے ہوئے ہیں۔اس مرتبہ ٹرک تھوڑا سا مختلف ہے ،ماضی میں یہ ڈیلیں کرتے رہے ہیں اور پرویز مشرف کو بھی ماموں بنایا۔یہ مسلسل آرمی چیف جنرل باجوہ سے فیور مانگ رہے ہیں اوروہ ان کو نہیں مل رہی۔محمد زبیر مریم نواز اور نوازشریف کے انتہائی قابل اعتماد آدمی ہیں۔ یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ وہ آرمی چیف سے ملاقات کریں اور مریم نواز کو علم ہی نہ ہو۔سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان نے کہا گلگت بلتستان میں تحریک انصاف نے الیکشن اسلئے لیٹ کئے ان کے پاس امیدوار نہیں تھے ۔ ن لیگ کو توڑنے کیلئے الیکشن میں تاخیر کی گئی۔گلگت بلتستان پر ہم نے اپنے منشور پر مکمل عمل کیا۔علی امین گنڈا پور اور شیخ رشید نے نیشنل سکیورٹی کے ایشو لیک کرکے الیکشن سٹنٹ کے طور پر استعمال کیا۔جی بی کو صوبہ بنانے سے مسئلہ کشمیر متاثر ہوسکتا ہے ۔بیوروچیف اسلام آباد سہیل اقبال بھٹی نے کہا ن لیگ نے ڈرگ پالیسی 2018تیار کی تھی،موجودہ حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹس لینے کی بجائے اضافے کی منظوری دیدی۔