اسلام آباد،انقرہ(آن لائن )وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پوری دنیا پر اہم اثرات مرتب کرسکتا ہے ۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بیگنا کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کا ادراک کرے اور انسانی حقوق کے کنونشنز کے تحت بھارت کو جوابدہ بنائے ۔ انقرہ یونیورسٹی میں کشمیر،علاقائی اور بین الاقوامی تناظر کے عنوان سے آن لائن کانفرنس کے موقع پر پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے مزیدکہاکہ بھارت کو مقبوضہ جموں کشمیر کی علیحدہ شناخت اور ڈیموگرافی تبدیل کرنے سے روکنے کیلئے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری کو فوری طور پر ایکشن لینا چاہئے ۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کی حالت زاراور اصل حقائقکو عالمی سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے ۔پاکستان کی قیادت اور عوام کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گی۔ دنیا کورونا کا مقابلہ کرنے میں مصروف تھی تو اسی وقت بھارت نے کشمیری عوام پر اپنی بربریت کو مزید تیز کردیا۔ کشمیر تنازعہ کے اثرات کی وجہ سے دنیا اسے نظر انداز کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ ہندو بالادستی قائم کرنیوالی موجود مودی سرکار نے کشمیری عوام پر بے مثال ظلم،جبر جاری رکھے ہوئے ہیں۔وزیر اطلاعات نے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے اقدام کی تعریف کی اور کشمیری عوام کیلئے ترک بھائیوں کی بے مثال حمایت کو سراہا۔آزاد جموں و کشمیر کے صدر مسعود خان ،برٹش ہاؤس آف لارڈز کے ممبر لارڈ نذیر احمد اور انقرہ میں پاکستانی سفیر سائرس سجاد قاضی نے بھی خطاب کیا۔