لاہور،اسلام آباد،ویٹی کن سٹی(نمائندہ خصوصی سے ، خبر نگار خصوصی،وقائع نگارخصوصی،این این آئی ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں گزشتہ روز مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوار منایا۔ ایسٹر کے موقع پرپاکستان میں مسیحی عبادتگاہوں کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ۔خواتین، بچوں اور مردوں کی بہت بڑی تعداد نے گرجاگھروں میں دعائیہ تقریبات میں شرکت کی۔محکمہ داخلہ پنجاب کی ہدایت پر سکیورٹی خدشات کے باعث صوبہ بھر کے 25 سو سے زائد گرجا گھروں پر پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے ۔علاوہ ازیں پوپ فرانسس نے ویٹی کن سٹی میں ایسٹر کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کے سمندر کا مقابلہ کریں، ہمت نہ ہاریں،امید ایک ایسی چیز ہے جسے کبھی دم نہیں توڑنا چاہیے اور انسانوں کو اپنی امیدوں کو دفنانا نہیں چاہیے ۔دریں اثنا پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے ایسٹر کے موقع پر مسیح برادری کو مبارک دی ہے ۔