اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،92نیوز رپورٹ) مشیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اتوار کو چھٹی کے روز ایک خصوصی اجلاس ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں نئی ایمنسٹی سکیم سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا، مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کو ایف بی آر حکام نے مجوزہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم پرتفصیلی بریفنگ دی جبکہ سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کے تعین اوران کیلئے مراعات پرغورکیاگیا۔مشیر خزانہ نے ایف بی آرحکام کوای سیٹ ڈیکلریشن سکیم آسان بنانے کی ہدایت کی۔ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم سے معیشت کو دستاویزی کرنے میں مدد جبکہ ٹیکس گزاروں کو سہولت ملے گی ۔ مشیر برائے خزانہ نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ سکیم کو عام فہم اور اطلاق کے طریقہ کار کو سادہ بنایا جائے ،مقصد معیشت کو دستاویزی کرنا اور ٹیکس عملدرآمد بڑھانا ہے ۔