پشاور( نیوز رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی نے مشرف کے خلاف فیصلے کے حوالے سے کہا ہے کہ مشرف فیصلے پر کسی کو اعتراض ہے تو سپریم کورٹ جائے ،پیرا 66کے حامی نہیں، فوج کو زندہ باد کہتیہیں مگر آئین مقدس ہے ، اس کا احترام کیا جائے ، تمام مسائل کا حل فوری شفاف انتخابات ہیں ۔باچا خان مرکز پشاور میں شہید بشیر احمد بلور کے ساتویں برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی،مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین،صوبائی صدر ایمل ولی خان اور مرکزی رہنماء حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے ،عدلیہ سمیت دیگر ادارے آئین و قانون کے تابع اور اپنے متعین کردہ دائرہ اختیار میں رہنے کے پابند ہیں۔امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اے این پی پوچھتی ہے کہ 6سال کے دوران پی ٹی آئی نے بی آر ٹی ،مالم جبہ اور پرویز خٹک کے علاوہ کونسا تیر مارا ہے ؟۔انہوں نے کہا کہ ترکی ،ایران اور مہاتیر نے مظلوم کشمیریوں پر ظلم کی مخالفت اور پاکستان کی حمایت کی تھی ،عمران خان کے کہنے پر انہوں نے سمٹ بلایا ،اب عمران خان نے یوٹرن لے لیاہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل فوری طور پر شفاف الیکشنز میں ہے ۔میاں افتخار حسین نے کہا کہا گر پرویز مشرف نے آرٹیکل چھ کی خلاف ورزی کی ہے تو اُس کو سزا ملنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف،یوسف رضا گیلانی کے فیصلے منظور تو مشرف کے خلاف کیوں نہیں ؟اگر مشرف کے فیصلے پر کسی کو اعتراض ہے تو وہ سپریم کورٹ سے رجوع کر ے ۔