اسلام آباد ،ملتان (سٹاف رپورٹر، سپیشل رپورٹر،وقائع نگار) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے مسلم لیگ ن کی قیادت بتائے کہ راتوں رات تبدیلی کا فیصلہ کیوں ہوا ، سابق حکومتوں نے معیشت کا بیڑہ غرق کیا، معیشت کو بہتر کرنے کے لیے وقت درکار ہے ۔ ملتان میں پلازے کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاتیل کی بین الاقوامی قیمت بڑھنے پر پاکستان میں اضافہ ہوا، کابینہ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات زیر بحث آئیں، خسارہ بڑھتا ہے تو روپے کی قدر کم ہوتی ہے ۔غریبوں کے لئے احساس کے نام سے پروگرام لارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی بھی فیصلوں سے لاعلم تھے ،اتنے اصرار اور ضد پر شہباز شریف پی اے سی کے چیئرمین بنے تھے ،رانا تنویر کی نامزدگی پر اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے مشاورت نہیں کی گئی ۔ ن لیگ نے ضدکرکے پی اے سی کی چیئرمین شپ لی،ن لیگی قیادت بتائے راتوں رات تبدیلی کیوں لائی گئی،ن لیگ کے اپنے ارکان کو بھی تبدیلیوں سے متعلق علم نہیں تھا، شہبازشریف نے واپس آناتھاتواتنی تبدیلیاں کیوں کی گئیں، موجودہ مشکل حالات کے ذمہ دارسابق حکمران ہیں،ڈالرکی قدرکم ہونے سے مہنگائی کم ہوجائیگی،اپوزیشن کو چاہئے کہ منتخب حکومت کے 5 سال کے مینڈیٹ کا احترام کریں، پانچ سال پورے کرنے دیے جائیں۔ چین پاکستان کی معاشی ترقی میں ہمارے ساتھ ہے ، بھارت پاک چین دوستی پر پروپیگنڈا کرتا رہتا ہے ، مسعود اظہر کے معاملے پر بھارت خود تقسیم ہے ،بھارت کو مسعود اظہر کے معاملے میں لینے کے دینے پڑگئے ، بھارت نے پاکستان کیلئے جوگڑھاکھوداخوداس میں گرگیا،عوام بھارت اوردشمنوں کے پروپیگنڈے کو ذہن پر سوارنہ کریں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ق لیگ نئے بلدیاتی نظام پر ہمارے ساتھ ہے ، وزیر اعلٰی پنجاب سردار عثمان خان بزدار 8 مئی کو اسلام آباد میں اراکین اسمبلی سے ملیں گے اس موقع پر نئے بلدیاتی نظام پر گفتگو کی جائے گی۔افغانستان میں امن سے پاکستان میں امن آئے گا کافی عرصے سے افغانستان جنگ زدہ ہے امن آنے میں وقت لگے گا ، چیئرمین ایف بی آر اور گورنر اسٹیٹ بنک کو کارکردگی کی بنیاد پر ہٹایا گیا۔