اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں اہل وطن کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدام کئے جارہے ہیں۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس میں انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی پالیسیوں کا محور غریب اور پسماندہ طبقے کو ریلیف کی فراہمی ہے ،امدادی سرگرمیوں میں مخیر حضرات کے جذبوں کو سراہتے ہیں۔ وزیراعظم معاشی ریلیف پیکیج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن کو 10 ارب جاری کر دیئے گئے ہیں ۔آج سے ملک بھر میں موبائل سٹورز بھی شروع کر رہے ہیں۔یوٹیلیٹی سٹورز پر ریلیف پیکیج کو عید الفطر تک توسیع دیدی گئی ہے ۔رمضان المبارک کے دوران عوام کو ضروری اشیا کی رعایتی نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائیگی یوٹیلیٹی سٹورز کیلئے اڑھائی ارب روپے کا پیکیج منظور کیا گیا ہے ،ضرورت کے مطابق اس پیکیج کو 7ارب تک توسیع دی جائیگی۔ اس موقع پر ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورزعمر لودھی نے کہا کہ اڑھائی ارب سے رمضان ریلیف پیکیج 17 اپریل سے عید تک جاری رہیگا۔ آٹا،گھی،چینی اور دیگر ضروری اشیا رعایتی نرخوں پر دی جائینگی۔رمضان المبارک میں کھجور،شربت اور دیگر آئٹمز پر بھی سبسڈی دے رہے ہیں،دالیں اور بیسن 20فیصد تک رعایتی نرخ پر فراہم کرینگے ۔ عید الفطر کے بعد پانچ اشیا پر سبسڈی کی فراہمی جاری رہیگی۔