قاہرہ(اے ایف پی،این این آئی )مصری فوج نے شمالی سینا میں آپریشن کے د وران 89عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا،آپریشن میں8اہلکار بھی مارے گئے ۔جزیرہ نماسینا میں چیک پوسٹ پر داعش کے حملے میں 5 فوجی ہلاک اور6 زخمی ہوگئے ،فورسزکی جوابی کارروائی میں3دہشتگرد بھی مارے گئے ۔ فوجی ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ فوج نے وسیع پیمانے پر عسکریت پسندوں کیخلاف آپریشن کیا جس میں 8اہلکار بھی مارے گئے ۔ اس علاقے میں داعش نے اپنے اڈے بنا رکھے ہیں۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ آپریشن میں 400سے زائد دیسی ساختہ بم ناکارہ بنائے گئے جبکہ عسکریت پسندوں کے زیر استعمال 13 سرنگوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ مصری حکام نے بتایا کہ چیک پوسٹ پرحملے میں زخمی فوجیوں کو بحرمتوسط کے کنارے واقع شہرالعریش میں فوجی ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے تین جنگجو ہلاک ہوگئے اور علاقے میں مزید نفری بھیج دی گئی ہے ۔جزیرہ نماسینا کے شمالی حصے میں مصرکی سکیورٹی فورسز اورداعش سے وابستہ جنگجوں کے درمیان آئے دن جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔اس علاقے میں 2013 میں مصر کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی (اب مرحوم)کی حکومت کی برطرفی کے بعد سے شورش بپا ہے ۔مصری فوج نے سینا کے علاوہ نیل ڈیلٹا اور لیبیا کے ساتھ واقع سرحدی علاقے میں بھی جنگجوں کے خلاف کارروائی کی تھی۔اس میں بھاری مشینری سے ان کے ٹھکانوں کو تباہ کردیاتھا اوربڑی تعداد میں مشتبہ جنگجوئوں کو ہلاک کردیا تھا یا گرفتارکر لیا تھا۔