لاہور(نمائندہ خصوصی سے )مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے لاہور سمیت ملک بھر میں ممبر شپ مہم کا آغاز کر دیا ہے ، ممبر شپ کے ذریعے 50ہزار سے زائد نئے طلباء کو ممبر بنایا جائے گا، مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چودھری عرفان یوسف نے ڈگری کالج ماڈل ٹائون میں کیمپ کا افتتاح کر کے ممبر شپ مہم کاآغاز کیا، اس موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے چودھری عرفان یوسف نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طلبہ کے حقوق اور نوجوانوں کی اخلاقی و روحانی تربیت کے لیے کوشاں ہے ، تعلیمی اداروں کو اسلحہ، منشیات اور ہر نوع کی انتہا پسندی سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی تعمیر و ترقی میں باشعور نوجوان اہم کردار ادا کرتے ہیں، شعور کے لیے اچھے ماحول میں تعلیم و تربیت کا ہونا بہت ضروری ہے ، عرفان یوسف نے کہا کہ طلبہ اپنا رشتہ قلم اور کتاب سے جوڑیں، طلبہ کو معاشرے میں مثبت رویوں کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرنا ہے۔ ، کیمپ کے افتتاح کے موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل احسن ایاز کیتھران، صدر لاہور اخلاق حسین، سوشل میڈیا ہیڈ سید فراز ہاشمی، صدر کالجز کونسل لاہور محمد عاصم، ڈگری کالج ماڈل ٹائون معاویہ جٹ، فرحان خان اور دیگر طلبہ رہنما بڑی تعداد میں موجود تھے ۔