لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کی ہدایات پرملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق فوڈسیفٹی ٹیموں نے زائد المیعاد اشیا سے سنیکس تیار کرنے پرجاوید نگر شیخوپورہ روڈپر فوڈ انڈسٹریز کوسیل کردیا۔ڈیری سیفٹی ٹیموں نے چونگی امر سدھو کے علاقے میں ملاوٹی دودھ کی فروخت پر5ملک شاپس کو ناقص دودھ فروخت کرنے پر سربمہر کر دیا۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پنجاب بھر میں سینکڑوں مقامات کی چیکنگ کے دوران قوانین کی خلا ف ورزیوں پر 21 فوڈ پوائنٹس سیل،متعدد کوبھاری جرمانے عائد کرتے ہوئے مضر صحت اشیا تلف کردیں۔مجموعی طور پر کی گئی کارروائیوں کے دوران ڈیری سیفٹی ٹیموں نے صوبے بھر میں 5500 لٹر ملاوٹی دودھ ،480لٹر مشروبات،300ساشے گٹکا،75کلو کریم اور بھاری مقدار میں ملاوٹی مصالحہ جات تلف کردیے گئے ۔ 530فوڈپوائنٹس کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہناتھا کہ ناقص خوراک کے استعمال سے عوام میں ہیپاٹائٹس بی، سی، جگر اور دل کی بیماریاں بڑھتی جا رہی ہے ۔