لاہور(سپورٹس رپورٹر )صوبائی دارلحکومت لاہور میں منگل کو ہونے والی موسلا دھا ر بارش سے کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہوگئیں جبکہ صبح ورزش اور سیرکے لئے پارکس میں جانے والے بھی معمول کی سیر سے محروم رہے ۔نشتر پارک میں واقع قذافی سٹیڈیم ،پنجاب سٹیڈیم ،ایل سی سی اے گرائونڈ ،ہاکی گرائونڈ کو جانے والے راستوں پر بھی جگہ جگہ پانی کھڑا تھا جس سے قذافی سٹیڈیم ، پنجاب سٹیڈیم ،پنجاب سپورٹس بورڈ میں کام کرنے والے ملازمین کو بھی ڈیوٹی پر پہنچنے کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بارش سے گرائونڈز بھی کھیل کے لئے عارضی طور پر ناقابل استعمال ہوگئے اور کھیلوں کی شیڈولڈ سرگرمیاں معطل کرنا پڑیں ۔لاہور میں مختلف کرکٹ کلبوں کے میچز کو بھی بارش کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا ۔