مظفرآباد(خصوصی رپورٹ )وزیراعظم عمران خان کے مظفرآباد کے جلسہ میں شہریوں نے صرف فنکاروں کی موجودگی پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کے ساتھ مسئلہ پر صرف فنکاروں کو ہی کیوں بلایا گیا،اگر فنکاروں کے ساتھ قومی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ انجینئرز ،ڈاکٹرز ،علما، مشائخ، پروفیسرز، یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز ،دفاعی ماہرین، تاجر، صنعتکار اور دانشور بھی ساتھ ہوتے تو انڈیا کو واضح پیغام جاتا کہ ہر شعبہ زندگی کے لوگ اور تمام طبقات اس مسئلہ پر حکومت کے ساتھ ہیں ۔شہریوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا جلسہ تو بہت اچھا ہو گیا لیکن اگر پوری پلاننگ کے ساتھ ہوتا تو اور بڑا ہو سکتا تھا ،کشمیریوں کی جلسہ میں بھرپور نمائندگی تھی لیکن اگر دیگر دھڑے بھی آ جاتے تو زیادہ بہتر ہو جاتا ، جلسہ میں ہزاروں افراد کی شرکت نے واضح کر دیا کہ قوم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہے اور یہ جذبہ آئندہ بھی جاری رہنا چاہئے ،جلسہ میں ہزاروں افراد نے بھارت سے کھل کر نفرت کا اظہار کیا اور ہر زبا ن پر ایک ہی نعرہ تھا کہ انڈیا جا کشمیر سے نکل جا۔