مظفرگڑھ (نمائندہ 92نیوز) انسانیت سوز اور سفاکیت کی انتہا کا افسوسناک واقعہ، جعلی پیر جلاد بن گیا، دم کرنے کے نام جعلی پیر نے 15سالہ لڑکے کی جان لے لی، جعلی پیر کمرہ بند کرکے کم سن لڑکے پر تشدد اور جسم داغتا رہا، معصوم بچہ کا چہرہ بھی گرم تیل میں جھلسا ڈالا، تھانہ محمود کوٹ پولیس نے جعلی پیر کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا لیکن سفاک ملزم تاحال گرفتار نہ ہوسکا تفصیل کے مطابق جعلی پیر نے انسانیت سوز سلوک اور بربریت کی انتہا کرتے ہوئے جن نکالنے کے نام پر 15 سالہ کمسن بچے کو جلادیا ہے ۔ مظفرگڑھ کے علاقے محمود کوٹ کا رہائشی مختیار اپنے 15سالہ بیٹے کو دم کروانے کے لئے پیر عبدالغفار کے پاس لیکر گیا تھا۔ جہاں جعلی پیر نے بچے کو علیحدہ کمرے میں لیجاکر ایک گھنٹے تک بہیمانہ تشدد اور آگ سے جسم داغتا رہا اور جعلی پیر نے بچے کا منہ ابلتے ہوئے تیل والی کڑاہی میں بھی ڈال کر جھلسا ڈالا اور بیہوش ہونے پر بچے کو ورثاء کے حوالے کردیا جس پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کمسن بچہ چند گھنٹوں بعد جابحق ہوگیا۔ جبکہ جعلی پیر ورثاء کو دھمکاتا رہا اگر کسی کو بتایا توجن تمہارے گھر بھیج دونگا۔ پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ محمود کوٹ پولیس نے جعلی پیر کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔