ملتان ،قادرپورراں،ٹاٹے پور ( سپیشل رپورٹر،نامہ نگاران ) ایم پی اے مظہر عباس راں کو نماز جنازہ کے بعد سپرد خا ک کر دیا گیا،نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار،گورنر پنجاب چودھری محمد سرور ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک،سید یوسف رضا گیلانی،جاوید ہاشمی، زین حسین قریشی ، مرید حسین قریشی ، خالد جاوید وڑائچ ، ملک عبدالغفار ڈوگر ، رانا اقبال سراج اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی ، نماز جنازہ مرحوم کے آبائی علاقہ قادر پور راں میں ادا کی گئی ،اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ،جناز گاہ کو چاروں طرف سے خاردار تار لگا کر اور موٹروے بند کیا گیاتھا، ٹریفک کو متبادل راستہ قادرپورراں شہر سے گزارا گیا ،شرکا کے مطابق نماز جناہ میں تقریباً 20ہزار افراد نے شرکت کی ، بعد ازاں گورنراور وزیر اعلیٰ پنجاب نے مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو سراہا اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ علاوہ ازیں مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور مغفرت کیلیے دعا کرائی، اس موقع پر انہوں نے مرحوم کے بیٹوں ملک عاطف مظہر راں ، ملک واصف مظہر راں و خاندان کے دیگر افراد سے اظہار تعزیت کیا۔ واضح رہے کہ ملک مظہر عباس راں حرکت قلب بند ہونے کے با عث گزشتہ سے پیوستہ روز پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کا رڈ یا لوجی لاہور میں انتقال کر گئے تھے ۔ ملک مظہر عباس راں نے زمانہ طالب علمی سے سیاست شروع کی تھی اور 3بار رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے ۔