لاہور، مظفرآباد ، اوکاڑہ ، قصور (کرائم رپورٹر، صباح نیوز، ڈسٹرکٹ رپورٹر ز) مظفرآباد میں ہٹیاں بالا میں جیپ گہری کھائی میں جاگری ، 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے ، ذرائع کے مطابق سڑک خراب ہونے سے حادثہ داکھن اور ریشیاں کے درمیان شیڑگلی کے مقام پرپیش آیا، حادثے میں زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتا ل منتقل کردیا گیا ، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے کہا حادثہ موسم کی خرابی اور برفباری کے باعث پیش آیا۔ لاہور نواں کوٹ میں 30 سالہ موٹر سائیکل سوار ٹرک کے ٹائر تلے آکر جاں بحق ہوگیا ، ملتان روڈ سکیم موڑ کے قریب ریاض ٹرک کی ٹکر لگنے سے گر گیا اور ٹرک کے ٹائروں تلے آکر چل بسا، ٹرک ڈرائیور فرار ہوگیا۔ قصور میں حادثہ میں شہری جاں بحق ہوگیا، موٹر سائیکل سوار صادق چونیاں میں المعشوق فلنگ سٹیشن کے قریب تھا کہ نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے ٹکر مار کر کچل دیا، صادق موقع پر چل بسا۔ اوکاڑہ میں کوسٹر سے گر کر نوجوان جاں بحق ہوگیا، نواحی قصبہ 52 ٹو ایل کے اقبال کا بیٹا 17 سالہ طالبعلم عثمان اوکاڑہ بائی پاس پر کوسٹر میں چڑھنے کی کوشش کرتے ہوئے نیچے گر پڑا اور کوسٹر کا ٹائر اس کے سر پر سے گزر گیا، عثمان موقع پر چل بسا۔