اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍92 نیوز رپورٹ)ایل اوسی پر اشتعال انگیزی پربھارتی ناظم الامورگورواہلووالیا کو دفترخارجہ طلب کرلیاگیا۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ڈی جی جنوبی ایشیازاہدحفیظ چودھری نے بھارتی ناظم الامورکوطلب کیا اور سیزفائرمعاہدے کی خلاف ورزی پرشدیداحتجاج کیا۔ انہوں نے کہا بھارتی اقدامات خطے کے امن وسلامتی کیلئے خطرہ بن گئے ہیں، بھارت جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت اپنے گھر کو درست کرے اور دوسرے ممالک کے معاملات پر سیاست کرنے سے اجتناب کرے ۔ دفتر خارجہ کی جانب ے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان میں اقلیتوں کے حوالے سے بھارتی پرا پیگنڈے پر بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارت کی طرف سے انفرادی واقعات کو اقلیتوں کے حقوق سے جوڑنے کا بے بنیاد بھارتی پراپیگنڈہ مسترد کر دیا اور بھارت کو بتایا گیا ہے کہ اس کی یہ سازشیں بھارت کے اپنے اندر اقلیتوں سے ناروا سلوک اور شہریت قوانین جیسے امتیازی اقدامات سے توجہ نہیں ہٹا سکتیں، ان ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی پر بھی پردہ نہیں ڈالا جا سکتا۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا بھارت کو واضح کر دیا گیا ہے کہ پاکستان کے آئین کے مطابق اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل ہیں، پاکستانی قانون ملکی شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کی اہلیت رکھتا ہے ، بھارتی حکام اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے ڈھونگ رچانے سے باز رہیں۔ترجمان کے مطابق بھارت اپنے گھر کو درست کرے اور دوسرے ممالک کے معاملات پر سیاست کرنے سے اجتناب کرے ، اپنے ملک میں اقلیتوں کا تحفظ یقینی بنائے ۔