لاہور(سٹاف رپورٹر )نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ معاشرے میں برداشت اور تحمل کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، اسلامی کیلنڈر کے پہلے اور عظمتوں والے مہینے محرم الحرام کی آمد آمد ہے ، اس ماہ مبارک کو اﷲ تعالیٰ نے 4مقدس ترین مہینوں میں سے ایک قرار دیا ہے ’’ حضور اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ اﷲ تعالیٰ نے محرم الحرام کو رمضان المبارک کے بعد اپنا مہینہ قرار دیا ہے ‘‘ ۔ محرم الحرام نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین اور ان کے اہل بیت کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے باعث تکریم ہے ، اس ماہ مقدس کی عزت و تکریم ہم سب پر واجب ہے ، وہ جامع المنہاج ماڈل ٹائون میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے