اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ایسے عوامی فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جائے جن سے ملک کے طول و عرض میں معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اگلے مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے مجوزہ سفارشات پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر برائے صنعت مخدوم خسرو بختیار، معاون خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود اور سینئر افسران نے شرکت کی۔عمران خان نے عوامی فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ترجیحات مرتب کرتے ہوئے ان نئے منصوبوں کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا جن سے ملک کے طول و عرض میں زیادہ سے زیادہ عوام معاشی سرگرمیوں میں اضافے اور روزگار کے مواقع سے مستفید ہو سکیں۔ وزیراعظم نے اجلاس میں دی جانے والی تجاویز کو چند ہدایات کی روشنی میں اگلے اجلاس میں حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔