لاہور( این این آئی)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلائو سے معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کو زائل کرنے کیلئے بروقت اور پیشگی اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو روک کر ان کے فنڈز معیشت کو فعال کرنے والے شعبوں کو منتقل کئے جائیں ،حکومت سے اپیل ہے کہ کارپٹ انڈسٹری سے وابستہ ہنر مندوں کو معاشی تنگدستی سے بچانے کے لئے مالی امدادفراہم کی جائے ۔ ان خیالات کا اظہارایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر ، چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف ، وائس چیئرمین شیخ عامر خالدسعید، سینئر مرکزی رہنماعبد اللطیف ملک،سینئر ممبر ریاض احمد، سعیدخان ،اعجازالرحمان ،محمد اکبر ملک نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھرکی معیشتیں مشکلات کا شکار ہیں جس کے اثرات دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان پر بھی مرتب ہوں گے ۔کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کی برآمدات بھی متاثر ہوئی ہیں تاہم اگر حکومت نے سرپرستی جاری رکھی تو ہم ان مشکل حالات سے جلد چھٹکارا حاصل کر لیں گے ۔ وزیر اعظم عمران خان سے اپیل ہے کہ تمام متعلقہ وزارتوں کو برآمدی شعبے کے لئے آسانیاں پیدا کرنے اور ہر طرح کا تعاون فراہم کرنے کی ہدایات دی جائیں ۔