لاہور( آن لائن ) سارک چیمبرز آف کامرس کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ بیروزگاری کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہر سال اوسطاً 13 لاکھ اضافی ملازمتیں پیدا کرنا ہونگی جس کیلئے بنیادی ضرورت معاشی اور سیاسی استحکام ہے ۔ تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار علی ملک نے کہا کہ وقت بدل چکا ہے اور اب دنیا پر اپنا تسلط برقرار رکھنے کے لئے بڑے ممالک نے مالیاتی جنگ چھیڑ رکھی ہے اور وہ اپنی معاشی طاقت کے ہتھیار کو کامیابی کے ساتھ عالمی معیشت پر قبضہ کیلئے استعمال کررہے ہیں۔ پاکستان کی معیشت اتنی مستحکم نہیں ہے کہ وہ دنیا میں جاری اس معاشی دہشت گردی کا مقابلہ کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی خود انحصاری اور استحکام کیلئے برآمدات میں اضافہ ضروری ہے اور اس مقصد کے لئے ہمیں اپنی کاروباری لاگت کو کم کرنا ہوگا تاکہ ہماری مصنوعات عالمی منڈیوں میں جگہ بناسکیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی سہولیات صنعتوں کے فروغ دینے کی بنیاد ہیں اور ہمیں ان تمام رکاوٹوں کو دور کرکے تجارتی سہولت کاری کا کلچر پیدا کرنا ہوگا۔ ہمارے ملک میں زبردست صلاحیت ہے کیونکہ ہم بہت زیادہ وسائل سے مالا مال ہیں۔ ہمیں حکومتی پالیسیوں میں مستقل مزاجی اور آگے بڑھنے کے لئے واضح روڈ میپ کی ضرورت ہے ۔