اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی معاشی سرگرمیاں کامیاب اقتصادی پالیسی کی عکاس ہیں، شہبازشریف معاشی ترقی دیکھ کر گھبراگئے ، یہ مسلم لیگ (ن)والی ایک سال کی سرخی والی ترقی نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی نے کہا مسلم لیگ(ن)کی حکومت ریکارڈ خسارے چھوڑکرگئی، ملک میں بڑھتی معاشی سرگرمیاں کامیاب اقتصادی پالیسی کی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا ملک میں سیمنٹ کی پیداوارمیں17فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا، رواں مالی سال کے پہلے 9ماہ کے دوران بڑی صنعتوں میں ترقی کی شرح9فیصد رہی، زرمبادلہ کے ذخائربڑھ کر23ارب ڈالرکی سطح پرپہنچ چکے ، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ250ملین ڈالرسرپلس ہے ، صرف مارچ کے دوران 3.2 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں،جی ڈی پی کا ہدف چار فیصد سے بھی زیادہ حاصل کرینگے ۔انہوں نے کہا معاشی ترقی سے عام آدمی کو فائدہ ہورہا ہے ، یکم جولائی سے معاشی ترقی میں مزید اضافہ ہوگا۔ حماد اظہر نے کہا یہ مسلم لیگ (ن) والی ایک سال کی سرخی والی ترقی نہیں ہے ، برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے ، یہ عارضی ترقی نہیں ، معاشی ترقی کی رفتاربڑھنے سے اپوزیشن کومایوس نہیں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ(ن) کے آخری سال میں مصنوعی طریقے سے معیشت کوسنبھالا دیا گیا تھا، اگلے مالی سال کے دوران ملکی معیشت میں مزید تیزی آئے گی، یہ اسحاق ڈارکے نمبرزنہیں بلکہ حقائق کی بنیاد پرہیں۔حماد اظہر نے کہا حکومت نے سٹیٹ بنک سے قرضہ نہیں لیا۔انہوں نے کہا پوری دنیا میں اس وقت مہنگائی کا رجحان چل رہا ہے ،خوردنی تیل کی قیمت بڑھی لیکن پاکستان میں کم بڑھی ہے ، عالمی منڈی میں بھی گندم کی اتنی قیمت بڑھی تھی جتنی پاکستان میں بڑھی تھی، کورونا وبا اور موسمی تبدیلیوں سے نمٹ رہے ہیں۔