اسلام آباد ، نیویارک (سپیشل رپورٹر، بیورو رپورٹ ) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے حکومت ملکی معدنیات کے ذخائر سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے جامع حکمتِ عملی بنا رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے معدنی ترقیاتی پروگرام پر اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وفاقی وزرا حماد اظہر، اسد عمر، متعلقہ شعبے کے افسران کی شرکت کی۔اجلاس کو معدنی ترقیاتی پروگرام کے نکات اور مجوزہ اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شعبے کو درپیش مسائل کی نشاندہی کیساتھ قانونی و انتظامی ڈھانچے ، اور سرمایہ کاری کے مواقع کے فروغ کیساتھ ماحولیاتی تحفظ کو بھی مدنظر رکھ کر پروگرام مرتب کیاجا رہا ہے ۔اجلاس کو ملکی معدنیات کے ذخائر پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ چنیوٹ اور کالا باغ میں لوہے کے ذخائر پر سرمایہ کاری کیلئے حکمتِ عملی حتمی مراحل میں ہے ۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق ایک غیر رسمی اجلاس سے خطاب کیا۔ یہ اجلاس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس کے موقع پر برطانیہ کے وزیر اعظم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مشترکہ طور پر طلب کیا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنا حکومت کی بڑی ترجیح ہے ۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی یافتہ ممالک کو چاہیئے کہ وہ آب و ہوا کو صاف رکھنے کے لیے رہنما اُصول وضع کریں۔یہ اجلاس سی او پی26 کیلئے تیاری کا سیشن ہے ، جو رواں سال نومبر میں گلاسگو میں ہو گا۔اجلاس میں جی 20 پلس اور 15 دیگر ممالک نے شرکت کی۔