اسلام آباد ( عمرانہ کومل) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ معذور افراد کیلئے ترجیحی بنیاد پر قانون سازی کی جائیگی، ہمارا قوم سے وعدہ ہے جس کیلئے پارلیمنٹیرینز کی جانب سے جو بھی بل پیش کیا جا ئیگا سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر اس کی منظوری کیلئے میں خود لابنگ کرونگا ، یقین دلاتا ہوں کہ یہ اسمبلی افراد باہم معذوری کے حقوق کی بھرپور حمایت کریگی۔ ان خیالات کا اظہار سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے افراد باہم معذوری کے عالمی دن کے سلسلہ حکومت پاکستان ،امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ ، افراد باہم معذوری کے حقوق کیلئے کام کرنے والی سماجی تنظیم سٹیپ(STEP)، اور ویمن پارلیمنٹرینز کاکس کے زیر اہتمام پالیسی ڈائیلاگ برائے حقوق خواتین باہم معذوری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سٹیپ کی ڈائریکٹر پروگرام ابیہ اکرم اور ایگزیکٹو ڈائیریکٹر عاطف شیخ نے کہا کہ معذوری کی مناسبت سے اسے سننے ، سمجھنے اور بولنے کی سہولیات دی جائیں تو ان کی معذوری معذوری نہیں رہے گی۔ ویمن کاکس کی سینئر رکن نفیسہ خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت جلد ہی قانون سازی کیلئے پیش رفت کر یگی۔ امریکی سفارت خانے کی کونسل آف پبلک افیئرز انجیلہ کاروٹ نے کہا کہ افراد باہم معذوری کو کسی بھی ترقی کے عمل میں تمام حقوق اور وسائل کی رسائی کے ذریعہ مرکزی دھارے میں لانا ضروری ہے جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔