فیصل آباد(خصوصی رپورٹر) عالم اسلام کی مشہور شخصیت معروف عالم دین اور روحانی شخصیت پیرانوارحسین قادری جلوآنوی کو سپر د خاک کر دیا گیا، مرحوم کی نماز جنازہ میں معززین علاقہ، سیاسی و سماجی شخصیات کے ساتھ ہزاروں مریدین نے مغموم دل سے شرکت کی، جبکہ اس موقعہ پر ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔ عظیم روحانی شخصیت، معروف مفکرِدین، شہنشاہ خطابت اور گدی نشین دربار جلوآنہ شریف پیرانوارحسین قادری جلوآنوی کی نماز جنازہ تاندلیانوالہ کے نواحی علاقے 414 گ ب میں ادا کی گئی، نمازِ جنازہ میں اہل علاقہ، سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشک بار، ہر دل غمزدہ دکھائی دیا، مریدین کا کہنا تھا کہ پیرانوارحسین قادری جلوآنوی ان کے روحانی پیشوا تھے جنہوں نے تمام عمر اسلام، پیار اور محبت کا درس دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ معروف عالم دین کی شخصیت کا اثر تادیردلوں پرقائم رہے گاپیرسائیں انوارحسین 92 نیوز کے پروگرام صبح نور کے روح رواں بھی تھے ، انہوں نے توحید اور رسالت کے موضوعات پربے شمار کتب بھی لکھیں،انکی اسلام کیلئے خد مات کو تا قیامت یاد رکھا جائے گا، مرحوم نے اسلام کی روشنی پھیلاتے ہو ئے بڑی تعداد میں عیسائیوں کو دا ئرہ اسلام میں داخل کیا، برکت العصر شہنشاہ تصوف وخطابت ابو الحقائق پیرسائیں محمدانوارحسین قادری جلوآنوی سلسلہ عالیہ قادریہ قطبیہ میں اپنے والد گرامی پیرغلام محمدجلوآنوی سے مرید اورفیض یافتہ تھے ، سیدشیرمحمدگیلانی فتح پوری جناب کے دادا مرشد اور پیر سید قطب علی شاہ بخاری پیرمحلوی آپ کے پردادا مرشد ہیں۔ سائیں صاحب نے شیخ الاکبر کی تفسیر عرائس البیان کااردو ترجمہ لکھا، نعتیہ مجموعہ، پنجابی سہ کافیاں اورتقریر پہ جناب کی کتب موجود ہیں مثنوی روم اور دیوان حافظ شیرازی کے حافظ اور تعلیمات شیخ الاکبر محی الدین ابن العربی کے حامل وعامل اور نظریہ وحدت الوجودکے داعی تھے ۔ پسماندگان میں ایک بیوہ اوردوبیٹیوں سمیت چارصاحبزادے اور خلفاء وہزاروں مریدین چھوڑے ۔