لاہور (خبرنگارخصوصی) سیکرٹری لائیوسٹاک ندیم ارشاد کیانی نے کہا ہے کہ بلاتعطّل معیاری بریڈنگ سروسز کی دستیابی محکمہ کی اوّلین ترجیح ہے ۔انہوں نے یہ بات اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں رجسٹرار لائیوسٹاک بریڈنگ سروسز اتھارٹی اورپنجاب حلال ڈویلپمنٹ ایجنسی کے رجسٹرار نے سیکرٹری لائیوسٹاک کو بریف کیا۔رجسٹرار پنجاب لائیوسٹاک بریڈنگ سروسز اتھارٹی نے سیکرٹری لائیوسٹاک کوپیشہ وارانہ سرگرمیوں، لائیوسٹاک فارمرز کی رجسٹریشن اوربریڈنگ اتھارٹی کے اغراض ومقاصد بارے بریف کیا۔سیکرٹری لائیوسٹاک نے ساہیوال نسل کی گائے کے اعلیٰ پیداواری اوصاف سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی مقامی نسلوں کوان کی اصل حالت میں محفوظ بنانے پرخصوصی توجہ دینی چاہیے ۔چونکہ پنجاب کے سیمن پروڈکشن یونٹس ڈائریکٹر جنرل (پروڈکشن)کے زیر انتظام ہیں اس لیے سیکرٹری لائیوسٹاک نے ہدایات جاری کیں کہ ڈائریکٹر جنرل (پروڈکشن)کو بھی پنجاب لائیوسٹاک بریڈنگ سروسز اتھارٹی کے بورڈ آ ف ڈائریکٹرز میں شامل کیاجائے ۔