لاہور ( خصوصی نمائندہ) سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ معیشت دباؤ کا شکارتھی لیکن اس کے باوجود وفاق نے بہترین بجٹ پیش کیا،وزیر اعظم کو عام آدمی کی تکلیف کا احساس ہے کاش اپوزیشن بجٹ کا غیر سیاسی جائزہ لیتی ۔ انہوں نے کہا کہ نا مساعد حالات میں وفاقی حکومت کا 76کھرب روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش کرنا بہت بڑا کارنامہ ہے جو لائق تحسین ہے ، کوئی نیا ٹیکس نہ لگانا خوش آئند امر ہے جس کا بلا واسطہ فائدہ عوام کو ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عالمی معاشی دباؤ میں اس سے بہتر بجٹ کی تجاویز نہیں ہو سکتیں لیکن کاش اپوزیشن تنقید کی بجائے اس بجٹ کا غیر سیاسی انداز میں جائزہ لیتی، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں وفاق کی معاشی ٹیم نے درست حکمت عملی اختیار کی اور اس بجٹ سے ملک کو درست ٹریک پر ڈالنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پوری دنیا کو معیشت کے چیلنجز درپیش ہیں لیکن ہم سب کو اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔