لاہور(سٹاف رپورٹر )ن لیگ کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے روپے کی قدر میں ریکارڈ 3 فیصد کمی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور سٹیٹ بنک معیشت سنبھالنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں ،حکومتی پالیسی کی وجہ سے پہلے سے بحران کی زد میں آئے غریب عوام پر معاشی بوجھ مزید بڑھ جائے گا ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے بعد ہی دوبارہ سود کی شرح میں کمی سٹیٹ بنک کی پالیسی کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،پہلے ہی اس غلط پالیسی کے تباہ کن اثرات سے خبردار کیا تھا ،شرح سود کم سے کم 9فیصد تک کی جائے ،شرح سود پہلے 13.25 سے 12.5 اور پھر 12.5 سے 11 فیصد کی گئی ،ثابت ہوا کہ سٹیٹ بنک کی طرف سے کی گئی دونوں مرتبہ کی کمی ناکافی تھی ،انہوں نے کہا کہ معیشت کی بربادی کرونا سے بڑی تباہی لائے گی ،حکومت کو سنجیدگی اور عقلمندی سے صحیح فیصلے کرنے ہوں گے ۔بعدازاں شہبازشریف کی زیر صدارت طبی ماہرین،ڈاکٹرز ،نرسز اور طبی عملے کے ساتھ مشاورتی اجلاس میں منظورکردہ اعلامیہ میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ہسپتالوں سے کرونا کے مریضوں کو فی الفور الگ کیاجائے ،شادی ہال، مساجد، سکول، کالج کی عمارتوں کو کورنٹین مقاصد کے لئے استعمال کیاجائے ۔ کرونا ٹیسٹنگ کو فوری طورپر مفت کیاجائے ۔ سرحد پار کرکے جو لوگ پاکستان آئے ، ان کی فوری میپنگ کی جائے ۔ کتنے لوگوں کی سکریننگ ہوئی، کتنوں کو ٹیسٹ کیاگیا، تمام ڈیٹا قوم کے سامنے لایا جائے ۔ ڈاکٹرز اور پولیس کی تربیت کی جائے ، کرونا مریضوں کو اچھوت نہ بنایا جائے ۔علاوہ ازیں ن لیگ پنجاب نے کرونا سے نمٹنے کے لئے "کرونافنڈ"قائم کردیا۔کرونا فنڈ میں پنجاب سے تمام ایم این ایز،ایم پی ایز،پارٹی عہدیدار،ڈسٹرکٹ میئرز اور چیئرمین کرونا فنڈ میں اپنا فنڈ جمع کرائیں گے ۔ارکان اسمبلی اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کرونا فنڈز میں جمع کروائیں گے ۔ان کے علاوہ دیگر عہدیداروں سے بھی زیادہ سے زیادہ فنڈنگ کی اپیل کی جائے گی۔مسلم لیگ ن کا میاں شہبازشریف کی جانب سے دس ہزار کٹس کی فراہمی کے مشن کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔مسلم لیگ ن پنجاب کا اجلاس احسن اقبال اور رانا ثناء اﷲ کی صدارت میں ویڈیو لنک پر ہوا،اجلاس میں پنجاب کے ڈویژنل سربراہ،پنجاب پارلیمانی پارٹی کے گروپ سربراہ اورتنظیم کے عہدیداروں نے شرکت کی۔