اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ،92 نیوزرپورٹ ، اے پی پی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے ہم مسلمان نبی کریم ﷺ سے سب سے زیادہ محبت اور احترام کرتے ہیں جو ہمارے دلوں میں بستے ہیں، ہم ان کی شان میں کسی قسم کی گستاخی برداشت نہیں کر سکتے ۔ اپنے ٹویٹس میں وزیر اعظم نے کہا مغرب میں دائیں بازوں کے سیاستدانوں سمیت آزادی اظہار کی آڑ میں مذہبی منافرت پھیلانے والے انتہا پسندوں میں اپنے اس رویے پر ایک ارب 30 کروڑ مسلمانوں سے معافی مانگنے کی جرات ہونی چاہیے ، ہم ان انتہا پسندوں سے معافی کا مطالبہ کرتے ہیں۔میں مغربی حکومتوں، جنہوں نے ہولوکاسٹ پر منفی تبصروں کو غیر قانونی دیا ہے ، سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اسی معیار کو اپناتے ہوئے ان انتہا پسندوں کو سزا دے جو جان بوجھ کر نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کرکے مسلمانوں سے اپنی نفرت کا پیغام پھیلا رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا میں اندرون اور بیرون ملک لوگوں کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت نے تحریک لبیک پاکستان کیخلاف انسداد دہشتگردی قانون کے تحت اس وقت کارروائی کی جب انہوں نے ریاست کی عملداری کو چیلنج کیا اور پرتشدد راستہ اختیار کرتے ہوئے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کیے ۔کوئی بھی قانون اور آئین سے بالاتر نہیں ہے ۔