لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ سابق ادوار میں کرپشن کا دور دورہ تھا اور سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا ، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان کو درست سمت میں ڈال دیاہے اورہماری جدوجہد پاکستان کو سدھارنے اور عوام کو خوشحال کرنے کی ہے ،ہر قدم وطن عزیز کی بہتری کیلئے اٹھ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کبھی ذاتی مفادات کی سیاست کی اور نہ آئندہ کریں گے ، ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھا ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے موڑ دیا ، ماضی کی غلط ترجیحات کے باعث پنجاب کے دور دراز شہر ترقی سے محروم رہے ، انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبے عوام کی حقیقی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیئے گئے ہیں، انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہر ضلع کے متعلق عوامی مسائل حل کرنے کے لئے مربوط حکومت عملی بنائی ہے ، عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کریں گے ،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی اصل منزل کی طرف رواں دواں ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے معاشی اشاریے بہتر ہونے پر وزیراعظم عمران خان،معاشی ٹیم اور قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے بھی معاشی اشاریوں کو مثبت قرار دے کر حکومت کے معاشی اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام جان چکے ہیں کہ کون معیشت کیلئے خود کش بمبار بنا اورکس نے گرتی پڑتی معیشت کو سہارادیا۔