پشاور(سٹاف رپورٹر) معروف فلمساز اور آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے نے پشاور کے تاریخی مقامات کا دورہ کیا اور پشاور کی تاریخ کے حوالے سے معلومات حاصل کیں،شرمین عبید چنائے نے گورنر ہائوس پشاور، گورگٹھڑی، پشاور عجائب گھر، ہیری ٹیج ٹریل اور سیٹھی ہائوس کا بھی دورہ کیا ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر پشاور عمران حامد شیخ ، محکمہ آثار قدیمہ کے محقق اور ترجمان نواز الدین اور دیگر اہم شخصیات تھیں۔ محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے شرمین عبید چنائے کو پشاور کی تاریخ اور یہاں کے تاریخی مقامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی، شرمین عبید چنائے نے ان تاریخی مقامات میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے تصاویر بھی بنائیں جبکہ ان مقامات کے حوالے سے کئی سوالات بھی پوچھے ۔شرمین عبید چنائے نے میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور آکر انہیں خوشی محسوس ہوئی ہے ،ایشیاء کے قدیم ترین شہر کی تاریخ نے ورطہ حیرت میں ڈال د یا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ پشاور سے متعلق اب مزید معلومات بھی اکٹھی کرنا چاہیں گی۔