کراچی (این این آئی)حکومت کی جانب سے کپاس کی درآمدی ڈیوٹی ختم کرنے کے اعلان کے بعد مقامی کاٹن مارکیٹ میں روئی کے بھا ؤمیں مندی کا عنصرغالب رہا۔ جبکہ کاروباری حجم بھی کم رہا۔ صوبہ سندھ اور پنجاب میں روئی کا بھاؤ فی 7000 تا 8800 روپے جبکہ پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 2800 تا 3800 روپے رہا صوبہ بلوچستان میں روئی کا بھاؤ فی من 8000 تا 8200 روپے پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 3200 تا 3700 روپے رہا گو کہ ملک میں پھٹی قلیل مقدار میں ہے ۔کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ 8700 روپے کے بھا ؤپر مستحکم رکھا۔ کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ کپاس پر سے درآمدی ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد مقامی کاٹن مارکیٹ میں خریدار نایاب ہوگیا جس کے باعث جنرز مایوسی میں مبتلا ہیں ان کے کہنے کے مطابق ملک میں کپاس کی پیداوار کم ہے اس وجہ سے کپاس کی درآمد ملوں کی ضرورت کیلئے لازمی ہے لیکن حکومت کو کپاس کی درآمد میں مراعات دینے کے ساتھ ساتھ مقامی جنرز کا بھی خیال کرنا چاہئے ایسا کوئی لائحہ عمل اختیارکرنا چائے کہ حکومت کی جانب سے روئی خریدی جائے بعد ازاں وہ مقامی ٹیکسٹائل ملز کو فروخت کی جائے بھارت، چین، امریکا میں حکومت کی جانب سے کپاس کی خریداری کرکے اسے ملوں کو فروخت کی جاتی ہے حکومت مقامی جنرز کو بے یارومددگار چھوڑ دیتی ہے اس وقت جنرز کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔