اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،صباح نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہر فورم پر جائیں گے اور پورے جارحانہ انداز میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کو بے نقاب کریں گے ، اس سلسلے میں بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کو بھی اعتماد میں لیں گے ۔گزشتہ روز وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وصدر تحریک انصاف کشمیر بیرسٹرسلطان محمود چودھری سے ون آن ون ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ہم نے آزاد کشمیر میں دل کھول کر ترقیاتی فنڈز دیئے ہیں اور ہم ان پر نظر بھی رکھے ہوئے ہیں تا کہ کہیں یہ فنڈز غلط استعمال نہ ہوں۔اس موقع پر آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال، پارٹی کی تنظیم نو، ونگز کی تشکیل پربھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ آزاد کشمیر کے آنیوالے انتخابات میں صرف پارٹی کے لوگوں کو ہی ٹکٹ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے بیرسٹر سلطان کو ہدایت کی کہ وہ اس پر جلد اپنی پر ورکنگ مکمل کریں اور پارٹی کے بہتر امیدواروں کو لائیں۔ بیرسٹر سلطان محمود نے وزیر اعظم عمران خان کو آزاد کشمیر کے تینوں ڈویژنز میں اپنی عوامی رابطہ مہم پر بریفنگ دی اور وفاق کی طرف سے آزاد کشمیر کو کھلے دل سے وفاقی پراجیکٹس اور بجٹ کیلئے ترقیاتی فنڈز دینے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کو بتایا کہ آزاد کشمیر حکومت اپنی کرپشن، نااہلی کی وجہ سے فنڈز صحیح استعمال نہیں کر رہی اور صرف اپنے ممبرزمیں تقسیم کر رہی ہے ،یقینی طور پر اسکا بھی پاکستان کی طرز پر احتساب ہونا چاہئے ۔بیرسٹر سلطان نے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا کہ انکی واضح اور دوٹوک پالیسی کی وجہ سے جوق در جوق لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں،یہاں تک کہ شہباز شریف اور راجہ پرویز اشرف کے مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور مسلم کانفرنس کے اتحادکے بارے میں بھی وزیر اعظم عمران خان کو بریفنگ دی۔ جس پر عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں بھی 2018 ء کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے لوگوں نے پارٹی کے لوگوں کو ہی ووٹ دیئے تھے جن لوگوں کو ہم نے الیکشن کے قریب پارٹی میں شامل کیا ان کو پی ٹی آئی نے تسلیم کیا نہ انہیں ووٹ دیئے ، اسلئے آپ آئندہ انتخابات میں پارٹی ہی لوگوں کو آگے لائیں۔دریں اثنا وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی اورپارٹی ترجمانوں کااجلاس ہواجس میں کابینہ کے سینئرارکان سمیت پارٹی رہنما شریک ہوئے ۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر ملکی سیاسی ومعاشی صورتحال پر غور اور حکومتی بیانئے پرمشاورت کی گئی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن نے فیٹف قوانین منظوری کی آڑمیں لکھ کراین آراومانگا۔قوم نے جن کومستردکیاہے وہ چوری چھپانے کی کوشش میں لگے ہیں۔ہم پہلے بھی یہ واضح کر چکے ہیں کہ این آر او کسی کو نہیں ملے گا ۔ہمیں دوسال تک چیلنجزاورمشکلات کاسامنارہا۔اب حکومت کافوکس معیشت کی بحالی پرہے ۔حکومت ایف اے ٹی ایف کے قوانین کوقومی فریضہ سمجھتی ہے ۔وزیراعظم کوایف اے ٹی ایف قوانین سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کیاگیا۔مشیرپارلیمانی اموربابراعوان نے قوانین کی منظوری کیلئے اپوزیشن سے مذاکرات پربریفنگ دی۔وزیر اعظم نے ترجمانوں پر زور دیا کہ حکومت کی دو سالہ کارکردگی کے مثبت پہلوئوں کو زیادہ سے زیادہ اور موثر انداز سے اجاگر کیا جائے ۔ ترجمانوں کی جانب سے دو سالوں کے دوران وزیر اعظم کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انکے عز م و حوصلے کی تعریف کی گئی۔علاوہ ازیں وزیر اعظم نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نئے منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کی ، وزیر سائنس چودھری فواد احمد نے چند اہم منصوبوں ، کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ وزیر اعظم ہاؤس میں انجینئرنگ اور ایمرجنگ ٹیکنالوجی کی جدید تعلیم کے حوالے سے مجوزہ یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے پر اب تک ہونیوالی پیشرفت ،ملک بھر میں صاف پانی کی فراہمی کے پلانٹس اور خصوصاً اس منصوبے کے ذریعے نوجوانوں اور خواتین کو روزگار کی فراہمی کے حوالے سے مجوزہ منصوبے پربھی بریفنگ دی گئی ۔اجلاس میں یونیورسٹیوں کے اشتراک سے ملک بھر کے 400 ہائر سیکنڈری سکولوں میں سائنس، ٹیکنالوجی ،انجینئرنگ اور ریاضی کی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے سٹیم (STEM) منصوبہ شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں چالیس سکولوں میں سائنس ، ٹیکنالوجی ، انجینئرنگ اور ریاضی کی جدید تعلیم کیلئے خصوصی لیبز قائم کی جائینگی۔ چار سو سکولوں میں ایک لاکھ بچوں کو جدید علوم میں تعلیم و تربیت کے مواقع میسر آئیں گے ۔وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے طبی آلات کی تیاری میں ملکی استعداد اور اس حوالے سے برآمدات میں اضافے کے حوالے سے مجوزہ روڈ میپ وزیر اعظم کو پیش کیا جبکہ زراعت کے شعبے کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے ،زرعی پیداوار کو بڑھانے اور جدید ٹیکنالوجی کو برؤے کار لاکر ملکی استعداد کو برؤے کار لانے کے حوالے سے مفصل پلان بھی پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کورونا کے دوران مقامی سطح پر حفاظتی کٹس، وینٹیلیٹرز و دیگر سامان کی تیاری پر وزارت سائنس اور خصوصاً وزیر سائنس کی کاوشوں کو سراہا۔ زراعت ، ملکی برآمدات میں اضافے اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ کے مجوزہ منصوبوں کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی نوجوان نسل میں بے انتہا صلاحیت موجود ہے ۔ ملک کی ترقی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ سے وابستہ ہے ، ان منصوبوں کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ ان پر عملدرآمد شروع کیا جا سکے ۔ مجوزہ منصوبوں کی راہ حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے ۔