سرینگر(نیوزایجنسیاں ،نیٹ نیوز) ضلع کپواڑہ میں میں جھڑپ کے دوران زخمی ہو نیوالے جے سی او سمیت مزید 2بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ،اس طرح ہلاک ہونیوالے فوجیوں کی تعداد 5ہوگئی ہے ،بھارتی فوج کی مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں بھی جاری ہیں ، گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے 5 کشمیری نوجوانوں کی نماز جنازہ میں بھی ہزاروں افراد نے شرکت کی اور بھارتی حکومت اور فوج کیخلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بازی کی ، دو مزید بھارتی فوجیوں نے خودکشی کر لی ہے ۔ سیتندرا کمار نے بانڈی پورہ جبکہ مکھن لال نے اپنی سروس رائفل سے ضلع سامبا میں بارڈر روڈ کیمپ میں گولی مار کر خودکشی کی ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے کہاہے کہ اگر بھارت نے اپنے شہریوں کو جموں وکشمیر کے ڈومیسائل جاری کئے تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایک پیغام میں انہوں نے کہاکہ ڈومیسائل جاری کرنے والے لوگوں کو سماجی بائیکاٹ کاسامنا کرنا پڑے گا، انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کاواحدحل صرف حق خودارادیت ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ آٹھ ماہ سے جاری فوجی محاصرے اورکورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات کے نام پر بھارت کی طرف سے عائد کرفیو جیسی پابندیوں سے مظلوم کشمیریوں کی مشکلات میں کئی گناہ اضافہ ہوگیاہے ، خاص طورپر جان بچانے والی ادویات کی شدید قلت پیداہو گئی ہے ۔