سرینگر(نیٹ نیوز،ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر وانی شہید کی چوتھی برسی کل منائی جائے گی کل جماعتی حریت کانفرنس نے مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے بھارتی فوج نے چھاپے اور محاصرے کی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ امرناتھ یاترا رسومات بھی شروع ہوگئی ہیں ،شوپیاں اور پلوامہ کا محاصرہ ، کنگن، گاندربل کے علاقوں میں فوج کی تلاشی کی کاروائیاں جاری ہیں ،148سالہ سیکرٹریٹ دفاتر کی تقسیم کی روایت ختم کردی گئی جبکہ معدنیات نکالنے کے 90فیصد ٹھیکے غیر کشمیری کمپنیوں کے حوالے کرنے اور صحافیوں کا نئی میڈیا پالیسی کیخلاف احتجاج جاری ہے ،کورونا سے 136شہری جاں بحق ہوئے ،مزید 11بھارتی فوجی بھی متاثرہوئے ہیں،امریکی خاتون رکن کانگریس یوویٹے کلارک نے نیویارک میں پاکستانی امریکن ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں پر مظالم امریکی کانگریس میں اٹھانے کا وعدہ کیا ہے ، انہوں نے کہاکہ انہیں کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر تشویش ہے ،بھارت مظالم بند کرے ۔کے پی آئی کے مطابق بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے دارلحکومت کو بھی دوحصوں میں تقسیم کر دیا ہے ، 148 سال سے یہ روایت چلی آرہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا دارلحکومت گرمیوں کے چھے ماہ سری نگر اور سردیوں کے چھے ماہ جموں میں ہوتا ہے اس دفعہ جموں سے سول سیکریٹریٹ دفاتر کی سری نگر منتقلی کے سلسلے میں نیا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے ۔