سرینگر(این این آئی)بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں سرینگر سے شائع ہونے والے اردو روزنامے ’’وادی کی آواز ‘‘ کے مدیر ، کالم نگار اور مالک غلام نبی شیداوفات پا گئے ہیں ، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انہیں ضلع پلوامہ کے گائوں گوری پورہمیں ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا، ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد نے غلام نبی شیدا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا مرحوم مقبوضہ جموں وکشمیر کی ایک معروف دینی، ادبی اور کشمیری زبان کے ایک ادیب، کالم نویس اور شاعر تھے ، ان کی خدمات کو طویل عرصہ تک یاد رکھا جائے گا۔ مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار ، انٹرنیشنل فورم فارجسٹس اینڈ ہیومن رائٹس محمد احسن اونتو اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے غلام نبی شیدا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔