سرینگر (این این آئی،92 نیوزرپورٹ)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں پیر کو ضلع پلوامہ میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا،بھارتی فوج نے بھاری ہتھیاروں اور کیمیکل پاؤڈر کا استعمال کر کے گھر بھی تباہ کر دیا ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق قابض فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے وچی میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران فائرنگ کرکے شہید کیا۔بھارتی فوج نے بھاری ہتھیاروں اور کیمیکل پاؤڈر کا استعمال کر کے گھر بھی تباہ کر دیا جبکہ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے گئے ۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔ بھارت نے جنت نظیر وادی کو دنیا کی سب سے بڑی یخ بستہ جیل بنا ڈالا اور مسلسل کرفیو اور پابندیوں کو 169 روز ہو گئے ۔ 80 لاکھ کشمیری بھارتی استعمار کے پنجوں تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔مقبوضہ وادی میں تعلیمی ادارے اور مارکیٹیں بدستور بند ہیں۔ چپہ چپہ پر بھارتی فوجی تعینات ہیں۔ مواصلاتی بندش نے کشمیریوں کی زندگیوں کو جہنم بنا دیا ہے ۔