اسلام آباد (این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں ظلم اور بربریت ،خوف اور دھمکیوں کی کہانیاں نہ رک سکیں ۔بھارتی صحافی اشوک سوائین مزید چشم کشا حقائق سامنے لے آئے ۔رپورٹ کے مطابق جنوبی کشمیر میں وامہ اور شوپیاں کے عوام بھارتی فوج کا خاص نشانہ ہیں۔ اشوک سوائین نے کہاکہ شمالی کشمیر میں باندی پورا اور سوپور میں بھی صورتحال مختلف نہیں،بھارتی سرکار نے عوام سے تشدد اور بربریت کی شکایت کا حق بھی چھین لیا ۔ انہوں نے کہا کشمیری عوام کو میڈیا سے دور رکھنے کے لئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا تشدد اور دبائو کے نت نئے طریقے متعارف کرائے جارہے ہیں،شوپیاں میں گرفتار ہونے والے 26 سالہ نوجوان کو جیپ سے باندھ کر گھسیٹا گیا ،راشٹریہ رائفل کیمپ میں اسے برہنہ کر کے یخ بستہ پانی میں غوطے دئیے گئے ۔ اشوک کے مطابق غوطے دینے کے بعد اسے ایک بدبودار سیال مادہ پینے پر مجبور کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پنجورا نامی گائوں میں لوگوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا،علاقہ کے باقی لوگوں کو جنسی تشدد کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔صحافی نے کہاکہ نئی دہلی نے اپنے انڈر کور ایجنٹ علاقہ میں داخل کر دئیے ہیں،کشمیری عوام خوف اور ان بھارتی ایجنٹس کے ڈر سے سیاست پر بات ہی نہیں کر سکتی۔