سرینگر(آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں ایک اور بھارتی فوجی نے خود کشی کر لی ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جموں و کشمیر میں ڈی 37 بٹالین کے آر رام کمار نے دوران ڈیوٹی اپنی ہی رائفل سے خود کو گولی مار دی ، جنوری 2007 ء سے لے کر اب تک مقبوضہ کشمیر میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں کی تعداد 436 ہو گئی ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس ’’گ‘‘ گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اخبارات پر اقتصادی کریک ڈاؤن کے بعد ان کے ساتھ وابستہ افراد کو اپنی ایجنسیوں کے ذریعے تنگ طلب اور ہراساں کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اخباروں کے مدیروں اور مالکان کو ہراساں کرنے کا معاملہ قابل مذمت ہے۔ ،انہوں نے کہا عرصہ دراز سے اس قوم کا ہر فرد اور اس سماج کا ہر شعبہ ناعاقبت اندیش سیاسی لیڈروں کی خطاکاریوں اور غلط فیصلوں کی سزا بھگت رہا ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پرنظر بند کشمیریوں کی حالت زار پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بھارتی عدلیہ کی طرف سے انصاف نہیں مل رہا ہے ، نظر بندی کے مقدمات عدالتوں میں کچھوے کی چال چل رہے ہیں اور اس طرح عدالتیں قیدیوں کی نظربندی کو طول دینے میں قابض انتظامیہ کی مدد کررہی ہیں جس کی وجہ سے وہ سالہاسال تک جیلوں میں پڑے رہتے ہیں۔