سرینگر( 92 نیوز رپورٹ، نیوز ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر کے علاقہ سوپور میں بھارتی فورسز کی بربریت کے نتیجہ میں اپنے نانا کی شہادت کا دل سوز منظردیکھنے والے تین سالہ معصوم عیاد کا بیان سامنے آ گیا۔گزشتہ روزوائرل ہونیوالے ویڈیومیں بچہ بتارہا ہے کہ کس طرح اسکی آنکھوں کے سامنے اسکے نانا بشیر احمدکو ظالم بھارتی فورسز نے گولیاں مار کر شہید کیا۔ویڈیو میں خاتون بچے سے پوچھ رہی ہے کہ صبح آپ کیساتھ بڑے ابا تھے ان کو کیا کیا؟ ۔جس پر بچہ کہتا ہے کہ ان کو ماردیا۔ خاتون پوچھتی ہے کس نے مارا جس پر بچہ واضح طور پر کہتا ہے پولیس والے نے اور پھر اپنی معصومیت میں منہ سے گولی چلنے کی آواز نکال کر دکھاتا ہے کہ بڑے ابا کو ٹھاہ ٹھاہ کرکے مارا گیا ۔شہید بشیر احمد کے بڑے صاحبزادے نے بھی بھارتی بربریت کی داستان سنائی اور بتایا کہ قابض فوج کشمیر میں اتنی بہادر ہے کہ ہمارے نہتے ادھیڑ عمر والد کو مار دیا جبکہ لداخ میں یہ بالکل بزدل ہوجاتی ہے ۔دوسری جانب بھارتی میڈیا کی ہرزہ سرائی مہم بھی مسلسل جاری ہے ۔ معصوم عیاد کے بیان کی ویڈیو وائرل ہونے پر مقبوضہ وادی کے کئی علاقوں میں بھارتی فوج کیخلاف شدید احتجاج کیا گیا جبکہ ٹوئٹر پر کشمیر کی آزادی کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرتارہااور لوگ بھارتی فوج کے اس ظالمانہ اقدام کیخلاف سراپا احتجاج رہے ۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے بھی واقعہ کا نوٹس لے لیا،انکے ترجمان سٹیفن ڈجارک نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ وہ اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ جو بھی اس قتل میں ملوث ہے اسکا احتساب کیا جانا چاہئے جبکہ دنیا میں ہر جگہ لوگوں کو احتجاج کرنے کا حق دیا جانا چاہئے ۔دریں اثناکل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی شہریوں کو ڈومیسائل جاری کرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور یہ سلسلہ روکنے کا مطالبہ کیا ۔حریت کانفرنس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ نازک وقت میں پوری طرح ہوشیار اورچوکنا رہیں، اپنی اراضی اور جائیداد کسی بھی قیمت پربیرون جموں کشمیرکے شہریوں کو فروخت نہ کریں۔ ترجمان کے مطابق حریت کانفرنس کے ایگز یکٹو ممبرزپروفیسرعبدالغنی بٹ اور بلال غنی لون نے سابق چیئرمین مولانا عباس انصاری کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی ۔جس میں ایک بار پھر موقف کا اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیرکے تینوں فریق بھارت ،پاکستان اور کشمیری آپس میں پرامن مذاکرات کے ذریعہ ایساحل تلاش کریں جو تینوں فریقوں کیلئے قابل قبول ہو۔علاوہ ازیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے مرنیوالوں کی تعداد111 سے تجاوز کر گئی جبکہ 85 نئے مثبت کیسز کے بعد کورونا متاثرین کی تعداد 7695 ہوگئی ۔