سرینگر(نیوزایجنسیاں ) مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی نیم فوجی دستے سنٹرل ریزرو پیرا ملٹری فورس کے ایک اسٹنٹ کمانڈر نے خود کشی کر لی۔بھارتی میڈیا کے مطابق سی آر پی ایف کا 33 سالہ اسسٹنٹ کمانڈنٹ ایم اروند جمعے کی صبح اننت ناگ کے علاقے صدر میں واقع اپنی رہائشگاہ پر مردہ حالت میں پایا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ اسں نے اپنے سرکاری پستول سے خود کو گولی ماری تھی۔سی آر پی ایف کے ایک اہلکار نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس خودکشی کا محرک خاندانی جھگڑا تھا۔انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر چلنے والی ان خبروں کی تردید کی کہ سی آر پی ایف کمانڈر نے نامناسب حالت کار اور ناکافی سہولیات سے تنگ آ کر اپنی جان لے لی۔ واضح رہے جنوری 2007 سے ابتک 440 بھارتی فوجی کشمیر میں خودکشی کر چکے ہیں ۔