لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ کیا عالمی برادری اور انسانی تہذیب کے نام نہاد علمبردار کشمیریوں کی شہادت کا انتظار کر رہے ہیں؟ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل 3 ہفتے سے جاری کرفیو سے انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے ، انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو خوراک، ادویات اور ضروریات زندگی سے محروم کرنا بھارتی وحشت کو آشکار کر رہا ہے ، کیا ظلم و جبر سے پھول کھلیں گے یا تشدد جنم لے گا؟ ہر عمل کا ردعمل ہوتا ہے ، ظلم اور زیادتیوں کا رد عمل خوفناک ہو سکتا ہے ، کشمیری معصوم صفت اور فطرت پرست ہیں، انہیں تشدد پر نہ اکسایا جائے ، وزیراعلیٰ نے کہاکہ نریندر مودی دور حاضر کے بدترین انتہاپسندبن چکے ہیں، مودی اخلاقی، سیاسی اور تہذیبی بنیادوں پر کشمیر کی جنگ ہار چکے ہیں۔دریں اثنا پنجاب حکومت نے بابا گرونانک کے 550ویں جنم دن کی مناسبت سے سکھ کنونشن منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے سکھ کنونشن کے انعقاد کی منظوری دے دی،ایک کنونشن گورنر ہاؤس لاہور اور دوسرا ننکانہ صاحب میں ہوگا،کنونشن میں دنیا بھر سے سکھ برادری شرکت کرے گی،وزیراعلیٰ نے کنونشن کے لئے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سکھ زائرین کوکنونشن میں شرکت کے لئے ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ ننکانہ صاحب میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت پر 15کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں اورسڑکوں کی تعمیر و مرمت سے ننکانہ صاحب میں آنے والے سکھ زائرین کوآمدورفت میں سہولت ہو گی،انہوں نے کہاکہ ننکانہ صاحب میں باباگورونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد مذہبی رواداری کا منہ بولتا ثبو ت ہے ۔ عوام کے مسائل کے فوری حل او رشکایات کے جلد ازالے کے لئے جدیدمانیٹرنگ نظام وضع کرنے کافیصلہ کیا ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے عوام کی شکایات کے ازالے اور اداروں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کے لئے جدید نظام وضع کرنے کی منظوری دے دی ہے ،وزیراعلیٰ نے کہاکہ مانیٹرنگ کے نئے نظام کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا اورابتدائی طورپر واسا، ایل ڈی اے ،ایل ڈبلیوایم سی اور پی ایچ اے کی کارکردگی مانیٹرکی جائے گی جبکہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت اس نظام کو دیگر اداروں اور شہروں تک وسعت دی جائے گی۔علاوہ ازیں مختلف وفودسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت دسمبر تک 115نئے اراضی سنٹر فعال ہوجائیں گے کیونکہ اراضی سنٹرز کی کمی کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ۔