اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پرسلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کیلئے 14ممالک متفق ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق پی فائیوممالک میں فرانس کے سوا سب نے پاکستان کی حمایت کی۔روس نے پہلی بارسلامتی کونسل میں پاکستان کی حمایت کی،برطانیہ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرتحقیقات کا مطالبہ کیا۔ذرائع کے مطابق امریکہ سمیت کسی ملک نے بھارت کی حمایت نہیں کی۔ذرائع نے بتایا کہ بھات کے 5 اگست کے اقدام کے خلاف پاکستان نے بھرپور آواز اٹھائی اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بروقت چین جاکر معاملے پر چینی حکام سے بات چیت کی، چین نے معاملے پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔روس نے پہلی مرتبہ کشمیر کے مسئلے پر ویٹو نہیں کیا، روس کے بیان میں بھی مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں کاذکر آیا۔برطانیہ نے بھی مسئلہ کشمیر پر کھل کر پاکستان کی حمایت کی۔امریکا جو پہلے بھارت کے ساتھ تھا اب اس نے معاملے پر پاکستان کاساتھ دیاہے اور پاک بھارت کشیدگی کم کرنے میں ثالثی کے کردار کی بھی پیشکش کی۔بھارت کے ساتھ رافیل ڈیل کے باوجود فرانس اس معاملے پر خاموش رہا۔