واشنگٹن( ندیم منظور سلہری سے ) ورجینیا سے تعلق رکھنے والی امریکی رکن کانگریس ابیگیل سپنبرجر نے کہاہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں باعث تشویش ہیں اور وہ اس اہم ایشو کو کانگریس میں اٹھائیں گی۔ رچمنڈ ورجینیا میں نیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی امریکنز (نیپا) کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کشمیریوں پر جس طرح ظلم ہو رہا ہے ، کئی بھی ذی شعور اسے نظرانداز نہیں کر سکتا، کشمیر کی صورتحال پر بھارتی حکومت کا موقف زمینی حقائق سے متضاد ہے ، جس سے یہ بات بالکل واضح ہو گئی کہ بھارت وہاں اپنے مقاصد حاصل کرنے کیلئے جبر اور ظلم کر رہا ہے جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ تقریب سے اکبر چودھری، جاوید راٹھور، ڈاکٹر طاہر خان، عدنان بخاری اور ڈاکٹر عاشی نے بھی خطاب کیا۔