سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے سحری اور افطار کے وقت نام نہاد آپریشن شروع کر دیئے ۔بھارتی فوجیوں نے ضلع شوپیاں میں اپنی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ،متعدد نوجوان بھارتی فورسز کی فائرنگ اور پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہو گئے ،خواتین اور بچوں کوبھی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔بچی سے زیادتی کرنے والا فوجی گرفتار کرلیا گیا ،ایک اور کمسن کو اغواکرلیا گیا ،کانگریس کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے پاس بحران سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی نہیں،تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں رمضان المبارک میں بھی بھارتی فوجی کارروائیاں جاری ہیں ، بھارتی فوجی سحری اور افطاری کے وقت شہریوں کے گھروں میں گھس کر انہیں تشدد کا نشانہ بنا تے ہیں۔ بھارتی فوج نے گزشتہ روز شمالی کشمیر کے سوپور قصبے اور جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے کئی دیہات کا محا صرہ کیا اس دوران رات کو فوجی اہلکاروں نے تلاشی کارروائی شروع کی کے پی آئی کے مطابق شوپیاں اور الشی پورہ میں بھارتی فوج کی 44آر آر اور سی آر پی ایف 178بٹالین سی آر پی ایف کیساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران کئی گھنٹوں تک تلاشیاں لیں۔فورسز نے افطاری کے وقت گھروں میں گھس کر لوگوں کو مارا پیٹا۔ ادھر سوپور میں بھی تلاشی مہم جاری رہی ۔بھارتی فوجی کریک ڈاون کے دوران ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حریت پسند کشمیریوں کو خوفزدہ کرنے کے لئے شیر خوار بچوں اور نوعمر لڑکوں سے لے کر 80 سال کے بزرگ مردوں اور خواتین تک کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔