اسلام آباد( نیٹ نیوز) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کی اُن کی کوششوں کو نہ سراہنے پر دفتر خارجہ کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ہیومن رائٹس ڈپلومیسی کے نام سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی احکامات ،معاہدوں اور قراردادوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے ذریعے چلائے جارہے ہیں جس پر پاکستان سمیت زیادہ تر ممالک راضی ہیں،انہوں نے اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا کہ دفتر خارجہ نے تبدیلوں کے ساتھ اپنی رفتار تیز نہیں کی اور سفارت کاری کی نوعیت میں آنے والی تبدیلیوں کو سمجھنے سے انکاری رہا۔شیریں مزاری کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے انسانی حقوق کو اتنی اہمیت نہ دینے کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیاں مکمل طور پر بے نقاب ہونے سے محروم رہیں۔شیریں مزاری نے موجودہ دور کی ضروریات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے خارجہ پالیسی کے ڈھانچے کے ازسر نو جائزے کی تجویز دی، اس کے ساتھ انہوں نے انسانی حقوق کی سفارت کاری میں موضوعاتی طریقہ کار پر زور دینے کا مطالبہ کیا۔