سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ بھی ناکام ہوگیا کشمیریوں نے بائیکاٹ کیا۔اسلام آباد میں نام نہاد ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کونسل کے انتخابات کے ایک امید وار کو گولی مار کر زخمی کر دیا گیا ،قابض فورسز کے چھاپے ،گرفتاریاں جاری ہیں ایک رپورٹ کے مطابق 30سال میں 8ہزار کشمیری لاپتہ ہوئے بھارت کی کشمیری پنڈتوں کیخلاف بھی انتقامی کارروائیاں جاری ہیں ،اخبارات نے بھارتی کارروائیوں کیخلاف 7رکنی کمیٹی قائم کردی ہے ۔لاپتہ افراد کے لواحقین کی تنظیم اے پی ڈی پی کی سربراہ پروینہ آہنگر نے مغربی نشریاتی ادارے سے انٹرویو میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ جب تک زندہ ہیں، لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو غیر معمولی سکیورٹی میں نام نہاد بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مر حلے میں شہریوں نے کم تعداد میں ووٹ ڈالے ، اضافی فورسز دستوں کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ فورسز کو الرٹ کر دیا گیا تھا، محاصرے میں لے کر تلاشی مہم بھی جاری رکھی گئی ،وادی کی 16اور جموں کی17نشستوں پر 305 امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں اپنے مذموم عزائم کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اسلام اور کشمیر دشمن اقدامات مسلط کرنے کا عمل تیز کر دیاہے ،اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کیلئے منصوبہ بند طریقوں سے حملے کررہی ہے ۔انہوں نے بھارتی قابض افواج کی مقبوضہ علاقے میں موجود گی کو امن دشمن قرار دیتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوجیوں کی طر ف سے جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور بڑے پیمانے پرگرفتاریوں سے کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن بن چکی ہیں ۔