سرینگر،جموں،نئی دہلی(92 نیوزرپورٹ، نیوز ایجنسیاں،نیٹ نیوز) بھارتی فورسزنے درندگی کی ایک اورداستان رقم کردی،سوپورمیں تین سالہ بچے کے سامنے اسکے ناناکوبے دردی سے شہید کر دیا۔نام نہاد آپریشن کے دوران گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے خوفزہ بچہ عیاد نانا بشیر احمد کے سینے پرسوارہوگیاجواسے بچانے کیلئے اب اس دنیامیں نہیں تھے ۔مقبوضہ کشمیر میں شہید بشیر احمد کی لاش پر بیٹھے معصوم عیاد کی سوشل میڈیا پر جاری تصاویر نے پوری دنیاکو رُلا ڈالا۔بھارتی اہلکار شہید کی میت پر پاؤں رکھ کر تصاویر بنواتے رہے جبکہ نا نا کی لاش پر بیٹھا ڈرا اور سہما ہوا بچہ بے بسی کیساتھ بھارتی اہلکاروں کو دیکھتا رہا ۔ بعد میں اہلکار اسے ساتھ لے گئے لیکن بچہ روتے ہوئے اپنے اہلخانہ کے پاس جانے کی ضد کرتا رہا، بشیراحمدکی شہادت کی خبرملتے ہی انکے گھرکہرام مچ گیا۔ شہیدکے بیٹے کے مطابق میرے والد کوسی پی آرایف نے گاڑی سے نکال کرگولیاں ماردیں۔ بشیراحمد گھر سے دودھ لینے نکلے تھے کہ بھارتی بربریت کا شکار ہو گئے ۔بشیراحمد کی بیٹی کا کہنا تھا کہ والد کو ایک معصوم بچے کے سامنے شہید کیا گیا، ایسے ظالموں کو فوری موت کی سزا ملنا چاہئے ۔روتے بلکتے معصوم عیادکی تصویرسوشل میڈیاپروائرل ہوئی تودرددل رکھنے والے لوگ پھٹ پڑے ، اقوام متحدہ اورانسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے بھارتی درندگی کانوٹس لینے کامطالبہ کردیا۔ ادھر بھارتی میڈیانے ننھے عیادکی تصویرکوآزادی تحریک کیخلاف بطورپراپیگنڈہ استعمال کرناشروع کردیا،نانا کی شہادت کاانجام مجاہدین پرعائدکردیا۔مگرقابض فوج کی درندگی کی ویڈیونے سب سچ عیاں کرڈالاجس میں ایک بھارتی اہلکارکوشہیدبشیراحمدکی میت پرپائوں رکھے دیکھاجا سکتا ہے ۔ویڈیو نے بھارتی میڈیا کے پراپیگنڈے کابھانڈا پھوڑدیا۔علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائیوں میں دو نوجوانوں کو شہید کردیا۔ ایک نوجوان کو ضلع راجوری کے علاقے کیری کے قریب جعلی مقابلے میں جبکہ دوسرے نوجوان کو سوپور کے علاقے ماڈل ٹاون میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا گیا۔ اسی علاقے میں ایک حملے میں انڈین سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے دو اہلکار ہلاک اور دو شدید زخمی ہوگئے ۔ پلوامہ میں بھارتی فورسز پر دستی بم سے حملہ ہوا ۔ شوپیان روڑ پرفورسز کی ایک ناکہ پارٹی پر دستی بم پھینکا گیا جو پھٹ نہیں سکا۔ادھر اچھی بل اننت ناگ کے تین دیہات ایمو، وتری گام اورسندھو کا میں بھارتی فوج کی 19آر آر ،سی آر پی ایف164بٹالین اور پولیس نے کریک ڈائون کیا۔ترال میں بھارتی مظالم کیخلاف احتجاج کرنیوالوں کو بھی بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔مختلف واقعات میں2 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے ۔مانسبل فوجی سکول میں ایک فوجی افسر عمارت سے گر کر ہلاک ہوگیاجبکہ سرینگر میں ایک فورسز اہلکار دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا ۔ڈسڑکٹ سیشن جج کولگام نے بھارتی فوجی سنجے کمار کو اپنے تین فوجی ساتھیوں کے قتل پر 9سال بعد عمر قید کی سزاسنادی۔سنجے کمار نے 4دسمبر 2011 کو 3ساتھی قتل کئے تھے ۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کوروناسے مرنے والوں کی تعداد 102 ہو گئی۔24گھنٹوں کے دوران260نئے کورونا کیس رپورٹ ہوئے اور مریضوں کی کل تعداد7,497تک پہنچ گئی ۔کورونا وائرس سے بھارتی فورسز کے مزید73اہلکار متاثر ہوگئے ۔ مقبوضہ کشمیر کے جیلوں میں قیدیوں سے لواحقین کی ملاقات پر پا بندی لگا دی گئی ۔ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ جات سنگھ نے میڈیا کو بتایاکہ 150 قیدیوں کو کورونا پر قرنطینہ کیاگیاہے ۔