سری نگر ( کے پی آئی ) بھارتی قابض فوج نے مقبوضہ کشمیر میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید اور ایک حریت رہنما کو گرفتار کر لیا ، مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولا میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کرتے ہوئے محاصرے کی آڑ میں تین کشمیری نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کردیا، اس دوران موبائل انٹرنیٹ سروسز معطل کردی گئیں، حریت رہنما اشرف صحرائی کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ان کے گھر سے گرفتار کر لیا ، اشرف صحرائی کی گرفتاری پر حریت رہنما سید علی گیلانی نے آج یوم سیاہ اور ہڑتال کی کال دے دی ، محمد اشرف صحرائی ان دنوں سری نگر کے باغات بارزلہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر نظر بند تھے ، انہیں صبح ساڑھے پانچ بجے گرفتار کیاگیا۔ مقبوضہ کشمیرمیں نافذ کالے قوانین میں سے ایک پبلک سیفٹی ایکٹ ہے ، اس قانون کے تحت کسی بھی شخص کو کسی عدالتی حکم یا کارروائی کے بغیر جیل میں رکھا جاسکتا ہے ۔ بھارتی فوج نے 20 مئی کو اشرف صحرائی کے بیٹے جنید صحرائی کو ساتھی سمیت شہید کردیا تھا اور اشرف صحرائی کو گرفتار کرلیا تھا۔