اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )ہالینڈ نے مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 120روز سے کرفیو، اطلاعات تکعدم رسائی پر تشویش ہے ۔ڈچ ڈی جی وزارت خارجہ نے کہا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں،امید ہے معاملہ سفارتی چینلز سے جلد حل کر لیا جائیگا۔تھیز وانڈر پلاس نے کہا ہے کرتارپور راہداری سمیت مذہبی روا داری کیلئے پاکستانی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔پاکستان اور ہالینڈ کے مابین ساتواں دوطرفہ سیاسی مشاورت کا دور ہیگ میں ہوا۔پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے سپیشل سیکرٹری ڈاکٹر امان رشید نے کی۔ڈچ وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ڈی جی سیاسی امور تھیز وانڈر پلاس نے کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد نے مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا۔پاکستانی وفد نے کہا بھارت کے 5اگست کے اقدامات غیر آئینی اور غیر قانونی ہیں۔دفتر خارجہ کے مطابق دونوں جانب سے اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت پر اتفاق کیا گیا۔