سرینگر،راولپنڈی(این این آئی)مقبوضہ کشمیر کا 177روز سے فوجی محاصرہ جاری ہے ،انٹرنیٹ بھی بند ہے جبکہ معمولات زندگی شدید متاثرہوئے ہیں، سخت پابندیوں اور شدید سردی نے محصور کشمیریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ۔ حریت تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ بھارتی فوج برصغیر میں جنگی صورتحال پیدا کرنے اورپاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کیلئے کسی قسم کی کوئی جھوٹی کارروائی کی منصوبہ بندی کر سکتی ہے ، تحریک حریت جموں وکشمیر ، جموں وکشمیر پیپلز لیگ،ینگ مینز لیگ اور دیگر حریت تنظیموں نے سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کہاہکہ بھارت کی طرف سے اپنے سینئر پولیس اہلکار دیویندر سنگھ کی گرفتاری سے واضح ہو گیا ہے بھارتی فورسز کے اہلکار مقبوضہ کشمیرمیں پر تشدد کارروائیوں میں ملوث ہیں ،جموں وکشمیراسلامی تنظیم آزادی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بارہمولہ جیل میں نظربند پارٹی چیئرمین عبدالصمد انقلابی کی گرتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔دریں اثنا حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں کشمیر ڈے کے حوالے سے تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ انسانی تاریخ کے بدترین ظلم کے باوجودبھارتی افواج کشمیری عوام کے جذبہ حریت کودبانے میں ناکام ہو چکی ہیں، کشمیری عوام کے صبر کی بدولت آج پوری دنیا کے سامنے نام نہادسیکولر بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے ۔